خواجہ سرا گل پانڑہ کے قتل کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے خواجہ سرا سراپا احتجاج
کو ئٹہ؛پشاور میں خواجہ سرا گل پانڑہ کے قتل کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے خواجہ سرا سراپا احتجاج بن گئے، کومل آفریدی کی قیادت میں کئے جانے والے احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن خواجہ سراء کے قتل اور دیگر سے متعلق نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کومل آفریدی و دیگر نے کہا کہ خواجہ سرا بھی انسان ہے انہیں ہر جگہ حقارت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے،پشاور میں ہر ہفتے خواجہ سراؤں پر تشدد کے واقعات رونما ہوتے ہیں اور اکثر اوقات انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا جاتا ہے مگر ان کے حقوق کے لئے کوئی موثر آواز نہیں اٹھتی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے معاشرے میں ان کا مذاق اڑایا جاتا تھا جبکہ اب ان پر تشدد اور قتل کے واقعات رونما ہورہے ہیں تاہم حکومتی سطح پر خواجہ سراؤں پر ہونے والے مظالم اور پرتشدد واقعات پر خاموشی اختیار کی گئی ہے۔ انہوں نے گزشتہ دنوں موٹروے واقعہ کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پشاور میں خواجہ سرا گل پانڑہ کے قتل اور موٹرے واقعہ کا نوٹس لے کر ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر خواجہ سراؤں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے۔


