’’جنوبی بلوچستان پیکج ‘‘میری کاوش، کچھ صوبائی وزراء اپنے کھاتے میں ڈالنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، زبیدہ جلال
تربت (نمائندہ انتخاب ) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال نے کہاہے کہ جنوبی بلوچستان کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکیج کی تیاری میری کاوشوں سے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کی جارہی ہے کچھ صوبائی وزراء مختلف بیانات کے ذریعے ابہام پیداکرکے اس اقدام کو اپنے کھاتے میں ڈالنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، انہوں نے کہاکہ جنوبی بلوچستان کیلئے خصوصی پیکیج کی تیاری کا آغاز جون کے مہینے میں ہوا جب میں نے وزیراعظم عمران خان کو مکران کے دورے کی دعوت دی تھی جس کے بعد وزیراعظم نے اسدعمر کی سربراہی میں نیشنل ڈیولپمنٹ کونسل تشکیل دی جس کے ممبران ہم 9وفاقی وزراء ہیں ، انہوں نے کہاکہ جنوبی بلوچستان پیکیج کی تیاری کے حوالے سے ہم نے اپنے سفرکا آغاز خضدار سے کیا اس کے بعد آواران سے ہوتے ہوئے کیچ وگوادر گئے ،مختلف علاقوں کا فضائی جائزہ لیا جن میں عبدوئی بارڈر سے ہوتے ہوئے ردیگ بارڈر سے میرانی ڈیم کے علاقہ کاجائزہ لیتے ہوئے تربت پہنچے ، جنوبی بلوچستان کیلئے یہ اسپیشل ڈیولپمنٹ پیکیج ایک جامع منصوبہ ہے جس میں سولر پارک، آبنوشی کی اسکیمات، شاہراہوں کی تعمیر سمیت دیگر منصوبے شامل ہوں گے ، جنوبی بلوچستان کو شاہراہوں کی تعمیر سے سی پیک کے ذریعے تمام زرعی وصنعتی علاقوں سے منسلک کردیاجائے گا، یہ تمام منصوبے میں نے اپنے علاقے کے عوام کیلئے سوچے تھے لیکن گزشتہ چند روز سے صوبائی وزراء مختلف بیانات کے ذریعے ابہام پیداکررہے ہیں اور اس تمام عوامل کو اپنے کھاتے میں ڈالنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے انہوں نے کہاکہ میں آرمی چیف قمرجاوید باجوہ کاشکرگزار ہوں کہ جن کی کاوشوں سے ہمیں سفری سہولیات فراہم کی گئی مزید برآں آئی جی ایف سی بلوچستان سائوتھ میجرجنرل سرفراز علی کابھی مشکورہوں۔


