پیچیدہ مسائل کا پا ئیدار حل سنجیدہ فیصلو ں میں پوشیدہ ہے، گورنر بلوچستان

گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ پیچیدہ مسائل کا پا ئیدار حل سنجیدہ فیصلو ں میں پوشیدہ ہے۔انہوں نے کہاہے کہ کرونا وائرس انتہائی اہم اور حساس نوعیت کا مسئلہ ہے اور اس کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے تاہم کرونا وائر س کو شکست دینے کیلئے حکومت اور عوام دونوں تیار ہیں۔انہوں نے کرونا وائرس کی وجہ سے پھیلنے والی بیماری کے خلاف اُٹھا ئے گئے فوری اور بروقت حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام میں کرونا وائرس کے خلاف اجتماعی احساس اُجاگر کرنے اور روک تھام کیلئے حکومتی اقدامات کومزید موثر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔یہ بات انہوں نے وزیر اعلیٰ بلو چستا ن جام کمال خان سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کی۔دونوں رہنماوُں کے درمیان صوبے میں کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے انتظامات،سر حدوں پر آمد ورفت پر پابندی،کرونا وائرس سے متا ثرہ افراد کے علا ج معالجے اور عوام میں شعور وآگہی کی مہم کو موثر بنانے پر تبادلہ خیال کیاگیا،اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہاکہ کرونا وائرس سے بچاوُ ُہمارے ہاتھ میں ہے۔بنیادی احتیاطی تدابیر اختیا ر کرنے سے نہ صرف ہم خود اس سے محفوظ رہ سکتے ہیں بلکہ دوسروں کوبھی بچا سکتے ہیں۔گورنر یاسین زئی نے کہاکہ اس مشکل وقت سے نمٹنے میں ہر ذی فہم شخص کا فر یضہ بنتا ہے کہ وہ حفا ظتی تدابیر پر سختی سے عمل کرے اور دوسروں کو بھی اس سے بچانے کیلئے اپنے حصے کاکردار ادا کرے۔انہوں نے کہاکہ سردست حالات قابومیں ہیں اور حکومت کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں