18ویں ترمیم صوبائی خودمختاری ساحل و وسائل پر صوبوں کے حقوق کی ضامن ہے،جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم صوبائی خودمختاری ساحل و وسائل پر صوبوں کے حقوق کی ضامن ہے اسے رول بیک کرنے کا نقصان وفاق کو پہنچے گا ملک اس وقت کسی بھی مس ایڈوینچر کا متحمل نہیں ہوسکتا وفاقی حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے کام کرے نہ کہ مزید بحرانوں کا شکار بنائے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہی، جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے متفقہ طور پر اٹھارویں ترمیم پر اتفاق رائے قائم کیا یہ ترمیم بلوچستان سمیت دیگر صوبوں کے حقوق کی ضامن ہے ترمیم میں بلوچستان کو فائدہ پہنچا ساتھ ہی صوبوں کے ساحل وسائل پر انکا حق حاکمیت بھی تسلیم کیا گیا جو کہ تمام صوبوں کو مطالبہ رہا ہے اب اگر اٹھارویں ترمیم میں ترمیم کرکے اسے رول بیک یا اثرات کم کرنے کی بات ہورہی ہے یہ ملک کے لئے نقصان دہ ہے پاکستان اس وقت ایسے دور سے گزر رہا ہے کہ جہاں فیڈریشن کو چاہیے کہ وہ صوبوں کو بااختیار بنا کر اپنے آپ کو مضبو ط کرے لیکن ناتجربہ کار لوگوں اور مسائل پر عبور نہ ہونے کی وجہ سے حکومت اس کے بر عکس سوچ رہی ہے جسکا نقصان ملک کو ہوگا انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کی بجائے حکومت مہنگائی، بے روزگاری، غربت کے خاتمے کے لئے توانائیاں صرف کرے کو یہ ملک وقوم کے حق میں بہتر ہوگا

اپنا تبصرہ بھیجیں