پنجاب بالادست صوبہ، بلوچستان میں اختیارات ’’لاپتہ‘‘ حکومت کے پاس ہیں، حاجی لشکری رئیسانی
وڈھ(نمائندہ انتخاب) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء حاجی لشکری رئیسانی نے کہا ہے کہ پنجاب ایک بالادست صوبہ ہے جوکہ باقی صوبوں کو کوئی حیثیت نہیں دیتا۔ روز اول سے تعلیم سمیت تمام شعبوں میں بلوچستان کو پسماندہ رکھا گیا۔ ہمارے صوبے میں ایک مسنگ حکومت کو اختیار دی گئی ہے کہ وہ صوبے کی عوام کو پسماندہ رکھی اور اس کام کیلئے انہیں تنخواہ دی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وڈھ کے دورے میں انٹر کالج لائبریری کو کتب فراہمی کے تقریب کے بعد مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی میر محمد اکبر مینگل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ لشکری رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان حکومت اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کی تنخواہ لے رہی ہے کمال حکومت کو عوام کی پسماندگی کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب ظلم شروع ہوتا ہے تو بلوچستان سے ہوتا ہے،جب باپ کی طرح کاکوئی جعلی پارٹی بنائی جاتی ہے تو بھی آغاز بلوچستان سے ہوتی ہے ہمارے سیاسی کارکنوں اور نوجوانوں کو چاہیئے کہ وہ آئندہ جعلی پارٹیوں کو جگہ نہ دیں۔انہوں نے انٹر کالج لائبریری کو کتب فراہمی کے تقریب سے خطاب میں کہا کہ نوجوان کتاب کی ہتھیار کو تھام کر پسماندگی اور پسماندہ سوچ کو ختم کریں۔ ہم اپنی فورم، پیس بلوچستان فورم کی پلیٹ فارم پر مختلف اداروں جن میں یونیورسٹیاں، کالجز، سکولوں اور لائبریریوں میں کتب فراہم کرتے ہیں۔نوجوان نسل کو کتاب دوست بنانے کی مشن لیئے اپنے ساتھیوں کے ساتھ میدان میں ہیں۔ دہائیوں سے پسماندگی کی شکایت کرتے آرہے ہیں مگر اس رویے اور سوچ کو ختم کرکے نوجوان نسل کو ذمہ دار علمی ماحو ل میں لانا ہے۔ حاجی لشکری رئیسانی نے وڈھ انٹر کالج لائبریری کیلئے 240کتابیں پرنسپل غلام نبی کے حوالے کردیئے۔جبکہ وڈھ اسٹوڈنٹس لائبریری کیلئے 200کتابیں دینے کا اعلان بھی کیا۔تقریب سے پرنسپل انٹرکالج وڈھ غلام نبی، پروفیسر محمد علی اور گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول وڈھ کے ہیڈماسٹر شمس الحق مینگل نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں میر عبدالسلام مینگل،میرشکرخان مینگل، میر ظہور مینگل، مجاہد عمرانی، میرمحمد اسلم مینگل،نادر اسلم مینگل، وحیدمینگل،محمد عثمان مینگل، وڈھ انٹر کالج کے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔