سازشوں کی بنیاد پر قائم حکومت کو گرانا مشکل کام نہیں،مریم نواز
لاہور:مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ سازشوں کی بنیاد پر قائم حکومت کو گرانا مشکل کام نہیں، یہ اپنی کمزوری کی وجہ سے وقت سے پہلے گر جائے گی، یہ مذاکرات کی بات کرتے ہیں میں نہ اس وزیراعظم کو اور نہ اس حکومت کو مانتی ہوں،یہ حکومت ے پی سی، ن لیگ اور نواز شریف کو بڑا خطرہ سمجھتی ہے،حکومت مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو گرفتار کرتے کرتے تھک جائے گی لیکن کارکن ختم نہیں ہوں گے، ہم نے عوام، آئین اور ملک کے تحفظ کی قسم کھائی ہے۔جمعرات کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار پر براجمان ہو جانا آسان کام ہے، حق کے راستے پر چلنے کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے، میں نے یہ قیمت ادا کی ہے، مجھے والد کے سامنے گرفتار کیا گیا، پہلی دفعہ ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ گرفتار کریں گے تو میں گرفتار ہو جاؤں گی، سیاہی آپ اپنے چہرے پر ہی ملی جائے، لوگ پوچھیں گے کہ آپ نے مریم نواز کو کیوں گرفتار کیا کیونکہ آپ کو اے پی سی، ن لیگ اور نواز شریف سے بڑا خطرہ ہے، میں کیا 10 لوگ اور گرفتار ہو جائیں، انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے پاس کارکنوں کی کمی نہیں،حکومت نے ساری طاقت نواز شریف کو کچلنے پر لگا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عباسی گرفتار ہو گا تو رانا ثناء اللہ آئے گا، رانا ثناء اللہ گرفتار ہوا تو پرویز رشید ہوں گے، اگر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو گرفتار کرتے تھک جائیں گے لیکن مسلم لیگ (ن) کے کارکن ختم نہیں ہوں گے کیونکہ ہم نے عوام، آئین اور ملک کے تحفظ کی قسم کھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 72سالہ تاریخ میں دیکھا ہے کہ جب بھی کسی سیاسی پارٹی پر مشکلات آتی ہیں تو لو گ پیچھے ہٹ جاتے ہیں، لوگوں کو گلاتھا کہ پنجاب اسٹیبلشمنٹ کے آگے جھک جاتا ہے، اب پنجاب نے اپنے سارے داغ دھو دیئے ہیں، مسلم لیگ متحد ہے،(ن) لیگ کا ووٹ بنک کم نہیں ہوا بلکہ بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت کی بنیاد اتنی کمزور ہے کہ ایک جھٹکا لگا تو یہ حکومت سہ نہیں سکے گی، جن کی بنیاد ہی سازشوں پر ہو تو اس حکومت کو گرانا مشکل کام نہیں، یہ اپنی کمزوری کی وجہ سے وقت سے پہلے گر جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اتنا بزدل آدمی ہے جب اس سے چیزیں سنبھالی نہیں جاتیں تو اداروں کو آگے کر دیتا ہے، جب آپ اداروں کے کندھے پر رکھ کر بندوق چلائیں گے تو ایک وقت آئے گا کہ ادارے بھی بول اٹھیں گے کہ اپنا مقدمہ خود لڑو، ہمیں استعمال نہ کرو۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات ایسی قومیت میں ہوتا ہے جن میں کوئی قانون و انصاف ہو، میں اسے انسان اور حکومت کو میں ماننے کیلئے تیار نہیں، آپ مذاکرات کی بات کرتے ہیں میں نہ اس وزیراعظم کو اور نہ اس حکومت کو مانتی ہوں۔(اح+س)


