نواز شریف سمیت لیگی رہنماؤں کیخلاف غداری کا مقدمہ، تفتیش کیلئے جے آئی ٹی تشکیل
لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف سمیت مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کیخلاف غداری مقدمے کی تفتیش کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے جس نے کام کا آغاز کر دیا ہے، ملزمان کی گرفتاری کیلئے سی سی پی او لاہور لائحہ عمل طے کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سمیت دیگر پارٹی رہنمائوں کے خلاف غداری اور بغاوت کا معاملہ، آئی جی پنجاب انعام غنی کے حکم پر ایس پی سی آئی اے لاہور کی سربراہی میں 4 افسران پر مشتمل جوائنٹ انوسیٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار کمبوہ کے علاوہ ڈی ایس پی شفیق آباد محمد غیاث ، انچارج سی آئی اے اقبال ٹائون انسپکٹر طارق الیاس کیانی اور انچارج انویسٹی گیشن شاہدرہ سب انسپکٹر شبیر اعوان شامل ہیں۔
جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے مقدمہ کی تفتیش کا باقاعدہ آغاز کردیا ہےتاہم غداری اور بغاوت کے مقدمہ میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی، ملزمان کی گرفتاریوں کے حوالے سے سی سی پی او محمد عمر شیخ کی جانب سے لائحہ عمل دیا جائے گا جبکہ مقدمہ میں ملزمان کو شامل تفتیش بھی کیا جائے گا۔


