لیگی ارکان کا احتجاج، باغی رکن میاں جلیل شرقپوری کی سر پر لوٹا رکھ دیا گیا
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والے مسلم لیگ (ن ) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل شرقپوری کے سر پر لوٹا رکھ دیا گیا۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر لیگی ارکان اسمبلی نے شدید احتجاج کیا اور پارٹی سے بغاوت کرنے والے ارکان کا گھیراؤ کرتے ہوئے ایوان میں داخلے سے روک دیا۔
باغی رکن میاں جلیل شرقپوری کی پنجاب اسمبلی آمد پر ن لیگ اراکین اور کارکنوں نے احتجاجاً میاں جلیل شرقپوری کے سر پر لوٹا رکھ دیا۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی فیصل نیازی نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے، انہوں نے ن لیگ کی رکنیت سے استعفیٰ دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فیصل نیازی نے استعفیٰ اپوزیشن لیڈرکے چیمبر میں بیٹھ کر لکھا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل آج پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے مولانا غیاث الدین کو مسلم لیگ ن کے اراکان نے ایوان سے نکال دیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ن) کے ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی جنہیں بعد ازاں شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے پارٹی سے نکال دیا گیا تھا جب کہ ان ارکان میں مولانا غیاث الدین، فیصل نیازی، میاں جلیل شرقپوری بھی شامل تھے


