25اکتوبر کا جلسہ تاریخ ساز،ن لیگ بھر پور قوت کا مظاہرہ کرے گی،نواب ثناء اللہ زہری
کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پاکستان مسلم لیگ(ن) ہی ملک کو بحرانوں اور عوام کو مہنگائی کی چکی سے نکال سکتے ہیں 25اکتوبر کو کوئٹہ میں تاریخ ساز جلسہ ہوگا جس میں مسلم لیگ(ن) اپنی بھر پور قوت کا مظاہر ہ کریگی، پارٹی کے تمام عہدیداران اور کارکن جلسوں اور قافلوں کی صورت میں جلسے میں شمولیت کو یقینی بنائیں، یہ بات پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلیٰ چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ زہری اور مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستا ن ڈیموکریٹک موومنٹ کا پلیٹ فارم در اصل عوام کی حقیقی نمائندہ جماعتوں کا وہ پلیٹ فارم ہے جس نے ماضی میں بھی عوامی مسائل حل کئے اور ملک کو ترقی کی راہ پرگامزن کیا اور مستقبل میں کریگا، انہوں نے کہا کہ ملک ناقص حکمت عملی اور غیر سنجیدہ طرز حکمرانی کی وجہ سے بحرانوں کا شکار ہے، مہنگائی میں ہوش ربا اضافہ ہورہا ہے عوام مسائل کے دلدل میں دھنس چکے ہیں اور انہیں کوئی راستہ نظر نہیں آرہا ایسی صورتحال میں پی ڈی ایم اور مسلم لیگ(ن) ہی وہ قوت ہیں جو ملک کو بحرانوں کی دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ جلسے میں شرکت کے لئے صوبے کے تمام اضلاع کے عہدیداران کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ جلسوں اور قافلوں کی صورت میں جلسہ گاہ پہنچیں اور پارٹی کی جلسے میں بھر پور نمائندگی کو یقینی بنائیں


