بلوچستان کی شاہراہوں پر آئے روز حادثات میں ہونے والی اموات نے ان شاہراہوں کو قاتل شاہراہ بنا دیا،جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی شاہراہوں پر آئے روز حادثات میں ہونے والی اموات نے ان شاہراہوں کو قاتل شاہراہ بنا دیا ہے بلوچستان کی ترقی کے دعوے کرنے والے صوبے کی شاہراہوں کو دو رویہ کرنے اور موٹروے بنانے کے اقدامات کریں، حکومت کی عدم توجہ کی بناء پرتعلیم یافتہ نوجوان سڑکوں پر بیٹھے ہیں سی ٹی ایس پی پاس نوجوانوں کو فوری طور پر ملازمت کے آرڈر دئیے جائیں ۔ یہ بات انہوں نے انصاف پینل لورالائی کے احتجاج اور سی ٹی ایس پی پاس امیدواروں کے احتجاج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہی۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کی شاہراہیں دو رویہ نہ ہونے کی وجہ سے قاتل شاہراہیں بن گئی ہیں ان شاہراہوں نے ہم سے کئی اپنے چھین لئے جنکا غم ہر آنے والے دن پر رونما ہونے والے حادثات تازہ کر دیتے ہیں حکومت کو چاہیے کہ وہ فور ی طور پر شاہراہوں کو دو رویہ کرنے کے لئے اقدامات کرے انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے آنے والی ہیوی ٹریفک کے لئے بلوچستان کی شاہراہیں کافی تنگ ہیں اس صورتحال میں مزید حادثات بڑھنے کا بھی اندیشہ ہے لہذا چمن کراچی شاہراہ، کوئٹہ ژوب، کوئٹہ لورالائی شاہراہوں کو بھی توسیع دی جائے ۔ جمال شاہ کاکڑنے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں تعلیم یافتہ نوجوان نہ صرف اپنے خاندان بلکہ ملک و قوم کی بھی امیدہیں محکمہ تعلیم میں ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود ٹیسٹ پاس کرنے والے نوجوانوں کو تعیناتی کے آرڈر نہ ملنا باعث افسوس ہے حکومت فوری طور پر نوجوانوں کے جائز مطالبات تسلیم کرتے ہوئے انہیں تقرری کے آرڈر جاری کرے

اپنا تبصرہ بھیجیں