ینگ ڈاکٹرز کا ہسپتالوں میںسہولیات کے فقدان و حکومتی غیر سنجیدگی کیخلاف ریلی نکالنے کا اعلان
کوئٹہ:ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے جاری کردہ ایک بیان کے مطاق موجودہ صوبائی حکومت سرکاری ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے،صوبے کے بڑے ٹرشری کیئر ہسپتالوں میں بھی بنیادی سہولیات میسر نہیں جس کی وجہ سے صوبے کی غریب عوام پرائیویٹ ہسپتالوں میں دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں،صوبے کے ٹراما اینڈ ایمرجنسی سینٹر کے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنے کے بجائے مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے،موجودہ حالات کی بارہا نشاندہی کرانے کے باوجود بھی ہسپتال تاحال حکومتی عدم توجہی کا شکار ہیں،حکومتی بے حسی اور نااہلی کے خلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی جانب سے 17 اکتوبر بروز ہفتہ دن 12 بجے سنڈیمن پراونشل ہسپتال سے ایک گرینڈ احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا جائیگا،تمام ڈاکٹر حضرات،الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا اہلکاران،انسانی حقوق کی تنظیموں اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس گرینڈ احتجاجی ریلی میں اپنی شرکت یقینی بنائیں۔


