پی ڈی ایم کی تشکیل سے حکمرانوں کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں، اے این پی بلوچستان
کوئٹہ : عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا نے کہا ہے کہ نااہل وفاقی حکومت عوام کیمصائب ومشکلات میں کمی کے بجائے اضافے کا موجب بنے ہیں ملک مزید تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا وفاقی پارلیمانی جمہوری نظام ہی ملک کے خوشحال اور روشن مستقبل کی واحد ضمانت ہے 18ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کے انتہائی بھیانک نتائج ہوں گے پچیس اکتوبر کا جلسہ ملک اور صوبے کی تاریخ کا اہم سنگ میل ثابت ہوگا پارٹی کارکن جلسہ عام میں اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی دفتر باچاخان مرکز میں اے این پی ضلع کوئٹہ کے ذمہ داران اور کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ مابت کاکا نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے شروع دن سے موجودہ سلیکٹڈ وفاقی حکومت کے حوالے سے اپنا موقف دوٹوک انداز میں عوام کے سامنے رکھا ہے سلیکٹڈ وفاقی حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کی تشکیل سے حکمرانوں کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں پی ڈی ایم ملک میں حقیقی جمہوری پارلیمانی نظام کی تشکیل ، انتخابی اصلاحات ، پارلیمنٹ کی بالادستی ، جمہوری اداروں کی مضبوطی ، میڈیا کی آزادی اور عام آدمی کو درپیش مسائل کے حل کے لئے میدان عمل میں آئی ہے پی ڈی ایم کے زیراہتمام پچیس اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے جس میں عوامی نیشنل پارٹی بھرپور شرکت کرے گی تاکہ سلیکٹڈ حکمرانوں کو چلتا کیا جاسکے ۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کو ہی عدم استحکام سے دوچار نہیں کیا بلکہ عام آدمی کی مشکلات میں بھی بہت زیادہ اضافہ کردیا ہے عوامی نیشنل پارٹی جمہوریت کی بحالی میں پیش پیش اپنی تاریخی ذمہ داری بھر پور طریقے سے نبھائے گی پچیس اکتوبر کا جلسہ ملک اور صوبے کی تاریخ کا اہم سنگ میل ثابت ہوگا پارٹی کارکن جلسہ عام میں اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔


