بلوچستان اور سابقہ فاٹا کے طلبہ کا پنجاب کے تعلیمی اداروں سے وظائف ختم کرنا علاقائی سوچ کو فروغ دینا ہے، بیان
اسلام آباد :سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان سے ملازمین کی برطرفیاں قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہے۔ اپنے بیان میں سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہاکہ عمران خان حکومت عوام، محنت کش اور ملازم دشمن حکومت ہے، ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والے نے نہ جانے کتنے کروڑ لوگوں سے روزگار چھین لیا ہے، بلوچستان اور سابقہ فاٹا کے طلبہ کا پنجاب کے تعلیمی اداروں سے وظائف ختم کرنا علاقائی سوچ کو فروغ دینا ہے۔ سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہاکہ سابق صدر آصف زرداری نے آغاز حقوق بلوچستان کے تحت بلوچ طلبہ کو وظائف دیئے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو قومی دھارا میں لانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا تھا، عمران خان نے تنگ نظری کا مظاہرا کرتے ہوئے یہ وظائف ختم کر دیئے، بلوچستان کے نوجوانوں میں بے چینی پیدا کر کے عمران خان کی حکومت کس کی خدمت کر رہی ہے۔ سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہاکہ بلوچستان کے نوجوان پنجاب کی سڑکوں پر مارچ کر رہے ہیں کوئی ان کی فریاد سننے والا نہیں، سابقہ فاٹا کے طلبہ گورنر ہاؤس لاہور کے آگے دھرنا دئے بیٹھے ان کی آواز بھی کوئی نہیں سن رہا۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کو بیروزگار کرنے اور تعلیمی وظائف ختم کرکے ثابت کر دیا گیا کہ یہ حکومت مافیاز کی سہولت کار ہے، عمران خان کی حکومت آٹے، چینی اور ادویات مافیاز کی سہولتکار حکومتر ہے، یہ عوام کو بیروزگاری، مہنگائی دینے اور حقوق چھیننے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔


