کورونا وائرس کی دوسری لہر، امریکہ و یورپ میں ریکارڈ کیسز
موسم خزاں اور سردی کے ساتھ دنيا بھر ميں کورونا کے کيسز ميں خاطر خواہ اضافہ نوٹ کيا جا رہا ہے۔ امريکا ميں جلد انتخابات ہونے والے ہيں تاہم وہاں ريکارڈ تعداد ميں کورونا کے کيسز ميں اضافہ بھی جاری ہے۔
امريکا ميں جمعے کو کورونا وائرس کے 84,218 نئے کيسز سامنے آئے، جو يوميہ بنيادوں پر نمایاں اضافہ ہے۔ داخلی سطح پر گيارہ رياستوں ميں ريکارڈ تعداد ميں کيسز سامنے آئے۔ اس وقت ملک بھر کے ہسپتالوں ميں زير علاج کووڈ انيس کے مريضوں کی تعداد 41 ہزار ہے اور اوسطاً آٹھ سو افراد يوميہ ہلاک ہو رہے ہيں۔ امريکا اس عالمی وبا سے سب سے زيادہ متاثرہ ملک ہے۔ وہاں متاثرين کی مجموعی تعداد 85 لاکھ سے زائد جب کہ ہلاک شدگان کی تعداد 224,000 سے زائد ہے۔
اسی تناظر ميں امريکی طبی ماہرين نے خبردار کيا ہے کہ اگر ملک کے ہر شہری نے باقاعدگی سے چہرے پر ماسک نہ پہنا اور قواعد و ضوابط کا احترام نہ کيا، تو آئندہ برس فروری تک صرف امريکا ميں ہی اس وبائی مرض سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر ايک دن ميں سب سے زيادہ کيسز کا ريکارڈ بھارت ميں سترہ ستمبر کو قائم ہوا تھا، جب چوبيس گھنٹوں کے دورانيے ميں 97,894 کيسز ريکارڈ کيے گئے تھے۔


