نانبائیان ایسوسی ایشن کا وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان

کوئٹہ :نان بائیان ایسوسی ایشن نے کل بروز پیر اپنے مطالبات کے حق میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔ اس بات کا اعلان نان بائیان ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد نعیم خلجی نے ایسوسی ایشن کے صدر رضا خلجی اور مرکزی انجمن تاجران کے صدر رحیم کاکڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ محمد نعیم خلجی نے کہاکہ نان بائیان ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنے مطالبات کے حل کے لئے گزشتہ 10روز سے ہڑتال جاری ہے اس دوران ان کا ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مسئلے کے حل کے لئے 16رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں مرکزی انجمن بلوچستان کے صدر رحیم کاکڑ، نان بائیان ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضا خلجی، سابق کونسلر محمد اسلم رندکے علاوہ مجسٹریٹ ودیگر شامل تھے جنہوں نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں واقع 6تندوروں پر ایک کلو آٹے کی بوری سے پیڑے بنائے اور جائزہ لے کر ضلعی انتظامیہ کے سامنے 4تجاویز پیش کئے جن میں سے ایک تجویز 3سو گرام روٹی 25روپے پر اتفاق کیا گیا مگر اب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مسلسل ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے۔پہلے جمعرات کے روز کا ٹائم دیا گیا پھر جمعہ کا جبکہ آج رکن صوبائی اسمبلی مبین خان خلجی کی موجودگی میں ڈپٹی کمشنر کے ساتھ ملاقات ہوئی مگر اب انہیں کہا جارہا ہے کہ مذکورہ تجویز ڈی سی آفس سے کمشنر اورپھر وزیراعلیٰ کے پاس بھیجا جائے گا جہاں منظوری کے بعد واپس کمشنر اور ڈی سی آفس اور آخر میں منظوری کے لئے سمال انڈسٹریز کو بھیجا جائے گا جس میں کئی دن اور لگیں گے جسے ہم ٹال مٹول سے تعبیر کرتے ہیں۔انہوں نے انتظامیہ کو عوام اور نان بائیوں کی تکالیف کا کوئی احساس نہیں ہے ہم شروع ہی دن سے احتجاج کے حق میں نہیں تھے مگر گزشتہ 8مہینے سے نئے نرخنامہ کا مطالبہ کرتے رہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے توجہ نہ ملنے پر وہ ہڑتال پر مجبور ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ نان بائیان ایسوسی ایشن نے انتظامیہ کے رویہ اور جلد نئے ریٹ نہ دینے پر انہوں نے کل بروز پیر کو وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کا فیصلہ کیا ہے بلکہ مختلف چوراہوں پر احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا احتجاج مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔ اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران کے صدر رحیم کاکڑ نے نان بائیان ایسوسی ایشن کے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے کہاکہ مرکزی انجمن تاجران بلوچستان ان کے احتجاج میں بھر پور شرکت کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں