دسمبر تک حالات ٹھیک ہوجائیں گے، شیخ رشید
اسلام آباد ؛وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ 31 دسمبر تک حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔ ایک انٹرویومیں پیپلز پارٹی نے کراچی جلسے میں نواز شریف کو تقریر نہیں کرنے دی تھی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ الگ الگ پارٹیاں ہیں اور دونوں ہی گلگت بلتستان (جی بی) میں ووٹ مانگ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ فضل الرحمان نے پتے کی بات کی تھی کہ ہم نے پی ڈی ایم کو کراچی میں ڈوبنے سے بچالیا۔انہوں نے کہاکہ یہ ایک آدمی کو گرانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں اور جی بی میں حکومت بنانے کیلئے مدمقابل ہیں تاہم 31 دسمبر تک حالات ٹھیک ہوجائیں گے، یہ صبر اور برداشت والی لڑائی ہے، یہ مشتعل کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور مشتعل ہی نہیں ہونا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈائیلاگ بند ہونے سے پاکستانی سیاست میں بحران پیدا ہوتا ہے، ڈائیلاگ بند ہونے سے سیاست بند گلی میں داخل ہوجاتی ہے اور غیر متوقع نتائج سامنے آتے ہیں۔


