بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال مخدوش ہے، عالمگیر مندوخیل
پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پشتون ایس ایف شہیدِ وطن حاجی جیلانی خان اچکزئی کی نویں برسی کی مناسبت سے 15 نومبر کو پشین میں منعقدہ جلسے میں بھرپور انداز سے شرکت کرے گی جبکہ 16 نومبر کو پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کی جانب سے کوئٹہ میں کنوینشن کا انعقاد کیا جائے گی جس میں عوامی نیشنل پارٹی صوبہ پشتونخوا کے صدر ایمل ولی خان، صوبائی صدر بلوچستان اصغر خان اچکزئی اور دیگر مرکزی و صوبائی قائدین شرکت کریں گے. اس حوالے سے تمام یونٹوں کے ذمہ داران کو تاکید کی جاتی ہے کہ جلسے اور کنوینشن کیلئے بھرپور مہم چلائی جائے اور کارکنوں کی شرکت یقینی بنائی جائے.
علاوہ ازیں پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی چیئرمین عالمگیر مندوخیل اور ممبر معصوم خان میرزئی نے گزشتہ روز قعہ سیف اللہ میں عوامی نیشنل پارٹی اور پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے شمولیتی تقریب سے خطاب کیا.
عالمگیر مندوخیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسد خان اچکزئی کو اب تک بازیاب نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا. انہوں نے سیکورٹی اداروں اور خاص طور سے ایف سی کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ صوبائی دارلحکومت کی سب سے اہم شاہراہ پر بھی شہری محفوظ نہیں۔ بلوچستان کے تمام شاہراہوں اور شہروں کے اندر اور باہر سینکڑوں چیک پوسٹوں کی بھرمار لگی پڑی ہے لیکن اس کے باوجود انسانی گمشدگیوں کے مسلسل واردات دیکھنے کو مل رہے ہیں جبکہ صوبہ بھر کے حالات مخدوش صورتحال کا شکار ہیں. انہوں نے سیکورٹی اداروں اور خاص طور پر ایف سی کی کار کردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ لاقانونیت کا یہ عالم ہے کہ ایک عام شہری کیلئے اپنے بنیادی حقوق کے ساتھ زندگی بسر کرنا اجیرن کردی گئی ہے.
صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی ممبر معصوم خان میرزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی بلوچستان کے صوبائی انفارمیشن سیکرٹری کا اغوا قابل مذمت ہے اور اس قسم کے واقعات صوبے کی سیکورٹی پر سوالات اٹھارہے ہیں.
پشتون ایس ایف عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صوبائی پریس سیکرٹری کی جلد بازیابی کا پرزور مطالبہ کرتی ہے. جبکہ اسد خان اچکزئی سمیت دیگر تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے ریاست اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے فوری طور پر ان کی رہائی کے لئے ریاستی قانون عمل میں لائے.
علاوہ ازیں صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین اور ممبر نے لورالائی کا دورہ کیا جہاں یونٹ آرگنائزنک کمیٹی کے اجلاس میں بطور مہمانِ خاص شرکت کی گئی. اجلاس یونٹ آرگنائزر عارف ناصر کی زیرِ صدارت ہوا جس میں تنظیمی معاملات طے پائے گئے جبکہ 15 نومبر کے پشین جلسے اور 16 نومبر کو کوئٹہ میں پشتون ایس ایف کے کنوینشن کے حوالے سے بھرپور مہم چلانے کی تاکید کی گئی.


