نیدر لینڈز میں سعودی سفارت خانے پر فائرنگ

نیدر لینڈز (ہالینڈ) کے شہر دی ہیگ میں سعودی سفارت خانے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق مقامی پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سعودی سفارت خانے کے باہر نامعلوم شخص کی جانب سے متعدد فائر کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا ہے، واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ذرائع ابلاغ پر آنے والی ویڈیو اور تصاویر میں سعودی سفارت خانے کی کھڑکیوں پر گولیوں کے نشانات واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق پولیس کو جائے وقوع سے گولیوں کے 20 خول ملے ہیں تاہم پولیس کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
یورپی سفارتکاروں کی موجودگی میں جدہ میں غیر مسلموں کے قبرستان میں دھماکا
دی ہیگ پولیس کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر اس واقعے سے متعلق کسی کو کوئی معلومات ہیں تو وہ ضرور رابطہ کرے۔
دوسری جانب سعودی عرب نے واقعے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے نیدر لینڈز میں اپنے شہریوں کو اضافی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز سعودی عرب کے شہر جدہ میں غیرمسلموں کے قبرستان میں ہونے والے بم دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔
اس سے قبل 29 اکتوبر کو جدہ میں ہی ایک شخص نے فرانسیسی قونصل خانے کے باہر چاقو سے حملہ کرکے قونصل خانے کے گارڈ کو زخمی کردیا تھا۔
حملے کے فوری بعد سعودی سیکیورٹی فورسز نے حملہ آور کو حراست میں لے لیا تھا جبکہ زخمی گارڈ کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں