نواب اسلم نے ’21 ارب نہیں 21 کروڑ کے اثاثے ظاہر کیے ہیں‘حاجی لشکری رئیسانی

سابق وزیر اعلی بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے بھائی لشکری رئیسانی نےغیرملکی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بھائی نے 21 ارب نہیں بلکہ 21 کروڑ کے اثاثے ظاہر کیے ہیں۔

اس سے پہلے بی بی سی اور مقامی میڈیا نے بھی یہ خبریں شائع کی تھیں کہ نواب اسلم رئیسانی نے 21 ارب کے اثاثے ظاہر کیے ہیں۔

پاکستان کی پارلیمان (سینیٹ اور قومی اسمبلی) کے اراکین کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بدھ کو پنجاب اور بلوچستان کے ارکان اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات بھی جاری کی تھیں۔

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اسلم رئیسانی ماضی میں اپنے اس بیان کی وجہ سے سرخیوں میں رہے تھے کہ ’ڈگری ڈگری ہوتی ہے چاہے اصلی ہو یا جعلی۔‘ لیکن ان کے اثاثے اصلی ہیں اور انھوں نے اس کے دستاویزی ثبوت بھی پیش کیے ہیں۔

یہ اثاثے بلوچستان سے لے کر اسلام آباد اور کراچی کے ساحل سے لے کر مالٹا کے دلکش سیاحتی مقامات تک پھیلے ہوئے ہیں۔نواب رئیسانی کے پاس تین کروڑ روپے سے زائد مالیت کی آٹھ گاڑیاں بھی ہیں۔

وہ اکثر اسلام آباد کی سڑکوں پر تیز رفتار ہیوی بائیکس بھی دوڑاتے نظر آتے ہیں۔ نواب رئیسانی کے پاس 23 لاکھ روپے مالیت کی بکریاں، بھیڑیں اور دیگر جانور بھی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں