وزیر اعظم کی آمد، ایمرجنسی جیسی صورتحال،عوام کو بے جا تنگ کیا جارہا ہے، آل پارٹیز کیچ
تربت (نمائندہ انتخاب) آل پارٹیز کیچ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ وزیر اعظم کی تربت آمد کے موقع پر عوام کو چیکنگ کے نام پر بے جا تنگ کیا جارہا ہے جن گاڑیوں میں خواتین ہیں انہیں بھی روکا جارہا ہے جس سے عوام الناس سخت تکلیف اور پریشانی کے عالم میں ہیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے پورے شہر سمیت گردو نواح کے تمام کاروباری مراکز اور دوکانیں بند کرنے کے احکامات جاری کیے جاچکے ہیں اور محکمہ تعلیم کی جانب سے تعلیمی ادارے بند کرنے کا حکم نامہ بھی دیا گیا ہے، وزیر اعظم کی آمد سے قبل تربت میں ایک ایسا ماحول پیدا کیا گیا ہے کہ ایمرجنسی کا سماں محسوس ہوتا ہے ان سے اندازہ ہوتا ہے کہ 13 نومبر کو لوگوں کو گھروں سے نکلنے کے لیے سخت دقت اور عزیمت کا سامنا کرنا ہوگا آل پارٹیز کیچ وزیراعظم کیچ کی تربت آمد کی موقع پر تربت میں ایمرجنسی جیسی صورتحال پیدا کرنے اور عوام کو تکلیف دینے کی سخت مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ سیکورٹی کے تقاضوں کو ضرور پورا کرے لیکن عوام کے شہری حقوق متاثر کرنے سے گریز کرے۔


