بلوچستان اور پاکستان کی ترقی لازم و ملزوم ہے،شبلی فراز
اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہاہے کہ حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی آئینی حق پر کامل یقین رکھتی ہے،بلوچستان اور پاکستان کی ترقی لازم و ملزوم،بلوچستان کے عوام کو ترقی کے یکساں مواقع کی فراہمی اور ان کا احساس محرومی دور کرنا وزیر اعظم عمران خان کا نصب العین ہے۔ بدھ کو وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز سے کوئٹہ پریس کلب کے عہدیداران نے ملاقات کی جس دوران ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری بھی ملاقات میں موجودتھے۔وفد میں رضا الرحمن،صدر کوئٹہ پریس کلب،ایوب ترین،صدر بلوچستان،یونین آف جرنلسٹس، خلیل احمد، عرفان سعید، بنارس خان، موسی فرمان، نصیر احمد،نادر حسن زمرد، سلمان اشرف، شیخ عبدالرزاق، اکبر نوتیزئی، حاجی خلیل، خیر محمد اور حمید خان بھی شامل تھے۔ پریس کلب کے نمائندہ وفد نے وزیر اطلاعات کو صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ ا س دورا ن گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان اور پاکستان کی ترقی لازم و ملزوم ہے، وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے جنوبی بلوچستان کے عوام کیلئے تاریخی پیکج اور مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبے معاشی اور سماجی ترقی کا باعث بنیں گے۔ وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کو ترقی کے یکساں مواقع کی فراہمی اور ان کا احساس محرومی دور کرنا وزیر اعظم عمران خان کا نصب العین ہے۔ دور دراز علاقوں کے صحافیوں کو بھی وہی سہولیات ملنی چاہئیں جو ملک کے دیگر ترقی والے علاقوں کے صحافیوں کو میسر ہیں۔ شبلی فراز نے کہاکہ بلوچستان کے صحافیوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں۔ حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی آئینی حق پر کامل یقین رکھتی ہے۔ بلوچستان سمیت ملک بھر کے صحافیوں کے مسائل کا حل اور ان کی فلاح و بہبود ہماری ترجیح ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ میں بہت جلد کوئٹہ کا دورہ کر کے صحافتی برادری سے ملاقات کروں گا۔


