پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی پالیسیوں میں کوئی اختلافات نہیں،،سراج الحق

کوئٹہ،امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی پالیسیوں میں کوئی اختلافات نہیں، یہ صرف اقتدار کے گھوڑے پر سوار ہونے اور دودھ کی بوتل کے لیے لڑ رہے ہیں۔ پی ڈی ایم کا مقصد عوام کے مسائل کا حل نہیں، بلکہ چند خاندانوں کی سیاست کو زندہ رکھناہے۔ لوگوں کو مافیاز، سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور ٹھیکیداروں کی سیاست سے کچھ نہیں ملے گا۔ عوام تعلیم، صحت، روزگار اور انصاف چاہتے ہیں تو انہیں نظام مصطفےٰؐ کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کے دست و باز بننا ہوگا۔ گلگت بلتستان الیکشن پر بھی پی پی اور ن لیگ رو رہی ہیں۔ اصل خرابی انتخابی نظام میں ہے جب تک انتخابی نظام شفاف اور غیر جانبدار اور پولنگ اسٹیشن آزاد نہیں ہوتا، عوام کا انتخابی نظام پر اعتماد بحال نہیں ہوگا۔ سیاسی جماعتیں انتخابی نظام کی اصلاح اور شفافیت پر متحد ہو جائیں تو خرابیوں پر قابو پایا جاسکتاہے اور پھر کوئی الیکشن کو یرغمال بنانے اور انتخابات چوری ہونے کا رونا نہیں روئے گا۔ جماعت اسلامی کی مہنگائی بے روزگاری کے خلاف تحریک کامیابی سے ہمکنار ہو کر رہے گی۔ ہم غریب کسانوں، مزدوروں اور بے روزگارنوجوانوں کی بات کررہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گراسی گراؤنڈ سوات میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے امیر جماعت اسلامی کے پی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر عبدالواسع، محمد امین، بختیار معانی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف و دیگر بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں