کوئٹہ، کورونا کی آڑمیں تعلیمی اداروں کی بندش کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

کوئٹہ:دمڑقومی اتحاد بلوچستان کے زیراہتمام تعلیمی اداروں کی بندش کے خلاف قدیردمڑ کی قیادت میں جمعہ کو پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے دمڑ قومی اتحاد کے صدر قدیر دمڑ،سرپرست سردار آصف دمڑ،جان محمد دمڑاوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوروناوائرس کو بہانہ بناکر بلوچستان کے تعلیمی ادارے بند کرنا بلوچستان کے بچوں کے ساتھ تعلیم دشمنی ہے جس کی دمڑ قومی اتحاد مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے آن لائن کلاسز کا اعلان کیا ہے لیکن بلوچستان میں آن لائن کلاسز کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں جس سے بلوچستان کے طالب علم کا سال ضائع ہونے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکمرانوں سے یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ کیا کورونا وائرس صرف تعلیمی اداروں سے پھیل رہا ہے بازاروں اوردکانوں میں یہ وائرس نہیں پھیل رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ صوبے کی تعلیمی پسماندگی اور آن لائن کلاسز کی سہولیات نہ ہونے کو مد نظررکھتے ہوئے صوبے کے ٹیوشن سینٹرز اوراکیڈمی کو بند کرنے کے احکامات فوری واپس لئے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں