تربت‘سینئراستاداورمعروف بلوچی کمپیئراختربلوچ ٹریفک حادثہ میں جاں بحق
تربت (نمائندہ انتخاب) تربت‘ سنیئر استاد اور ریڈیوپاکستان تربت کے بلوچی پروگراموں کے معروف کمپیئر اختربلوچ ٹریفک حادثہ میں جان بحق ہوگئے، جن کی میت ہفتہ کی شام سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں آبسر قبرستان میں سپردخاک کردی گئی، ذرائع کے مطابق وہ گزشتہ شب اپنی کرولا گاڑی پر کوئٹہ سے تربت کی طرف آرہے تھے N-85شاہراہ پر بسیمہ اورناگ کے درمیان گاڑی حادثہ کاشکارہونے کے باعث وہ موقع پر دم توڑ گئے، ان کی میت ضلع کونسل پنجگور کے سابق چیئرمین عبدالمالک صالح نے ناگ سے وصول کرکے تربت پہنچائی جبکہ یہاں سے ان کے قریبی دوست اور ایپکاء رہنما سبزل خان بلوچ ودیگر احباب اطلاع ملتے ہی میت وصول کرنے روانہ ہوگئے جہاں پنجگورسے وہ میت کے ہمراہ تربت آئے،مرحوم اختربلوچ گورنمنٹ مڈل اسکول سنگانی سر، گورنمنٹ مڈل اسکول سری کہن کے ہیڈماسٹر رہے ہیں، ان کی وفات پر اساتذہ برادری، طلباء، ریڈیو پاکستان تربت کے حمید شاکر، سبزل خان بلوچ،جلیل شاہوانی، عبدالصمد خالق سمیت دیگر ملازمین اور آرٹسٹوں نے گہرے صدمے کااظہارکرتے ہوئے ان کی مغفرت اورپسماندگان کیلئے صبرجمیل کی دعاکی ہے۔


