کوئٹہ پریس کلب میں سندھی کلچر ڈے کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

کوئٹہ : جاموٹ سٹوڈنٹس کونسل بلوچستان کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب میں سندھی کلچر ڈے کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں جاموٹ سٹوڈنٹس کونسل بلوچستان کے عہدیداروں، جاموٹ قوم سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں شریک نوجوانوں اور بچوں نے سندھی ٹوپی اور اجرک کے ساتھ روایتی سندھی لباس پہن رکھا تھاجبکہ نوجوانوں نے سندھی گانوں پر رقص کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جاموٹ سٹوڈنٹس کونسل بلوچستان بلاول جاموٹ، سلیم ابڑو، نثار ابڑو، محمد سلیم فریدی سرائیکی، میر مجتبیٰ، مجیب شاہوانی و دیگر نے کہاکہ سندھ کی ثقافت صدیوں پرانی ہے جوقومیں اپنی ثقافت بھول جاتی ہیں وہ کبھی بھی ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت کسی بھی قوم کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جس کے بغیر اس قوم کی اس دنیا میں شناخت ممکن نہیں۔ سندھی کلچر ہمیں اپنے ابا واجداد سے ورثے میں ملی ہے جن قوموں نے مغرب کو کلچر کو اپنا یا ہے وہ اپنی کلچر کو بھول گئی ہے اور جو قومی اپنی کلچر بھول جاتی ہے بلکہ صفہ ہستی سے مٹ جایا کرتی ہے۔ مقررین نے کہاکہ بلوچستان کثیر القومی صوبہ ہے جہاں سندھی قوم تیسری بڑی قوت ہے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سندھی بولنے والے لوگ رہتے ہیں تاہم بدقسمتی سے یہاں انہیں تسلیم نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ این اے 60کے قومی اسمبلی کے نشست پر جاموٹ قوم نے جس امیدوار کو سپورٹ کیا ہے وہی رکن اسمبلی منتخب ہوا ہے مگر ابھی تک کسی نے جاموٹ اور سندھی بولنے والوں کے لئے کچھ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جاموٹ اسٹوڈنٹس کونسل بلوچستان جاموٹ قوم کے حقوق کی تحفظ کے لئے میدان میں نکلی ہے اور ہر پلیٹ فارم پر اپنے حقوق کی تحفظ کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں