اب 22کروڑ عوام فوری طورپر مسلط نااہل حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں،کبیر محمد شہی

لاہور/کوئٹہ: نیشنل پارٹی اور پی ڈی ایم کے مرکزی سینئر نائب صدر سینیٹرمیرکبیراحمدمحمدشہی نے کہاہے کہ مسلط وفاقی حکومت کی طرح بلوچستان میں بھی عام انتخابا ت سے ایک دن قبل ٹھپے لگاکرمن پسند افرا دکو سلیکٹ کیاگیا جس سے ثابت ہوتاہے کہ الیکشن میں اس انداز سے دھاندلی کی گئی اڑھائی سال میں تبدیلی سرکار سے لوگ اتنے تنگ آچکے ہیں کہ اب 22کروڑ عوام فوری طورپر مسلط نااہل حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں جس کی واضح مثال پی ایم ڈی کے زیراہتمام ملک بھر میں ہونے والے پانچ کامیاب جلسے ہیں ان خیالات کااظہارانہوں نے بدھ کو لاہور میں پی ڈی ایم کے رہنماؤں سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری‘ رانا ثناء اللہ ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ بے روزگاری‘ بدامنی‘ مہنگائی اورناقص پالیسیوں کے باعث عوام بدحال ہوچکے ہیں مزدورطبقہ نان شبینہ کیلئے بھی محتاج ہے بلوچستان میں توروزاول سے ناانصافیوں کاسلسلہ جاری ہے حیات بلوچ کا واقعہ انہی منفی پالیسیوں کا تسلسل ہے آج بھی بلوچستان سے لوگوں کالاپتہ اورمسخ لاشیں ملنا المیہ ہے انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کی جدوجہد ملک میں آئین کی حکمرانی‘پارلیمنٹ کی بالادستی‘آزادعدلیہ اور میڈیا کیلئے ہے ہم شفاف انتخابات چاہتے ہیں جس کے ذریعے منتخب ہونے والے حقیقی نمائندے ہی موجودہ مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں سلیکشن سے آنے والے نمائندوں کی نااہلی کی سزاء قوم بھگت رہی ہے ملک کو ترقی یافتہ اورقوم کو خوشحال بنانے کیلئے شفاف انتخابات ناگزیر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں