آرمینیا سے حالیہ لڑائی میں ہمارے 2800 فوجی ہلاک ہوئے، آذربائیجان
نیگورونوکاراباخ:آذربائیجان نے تصدیق کی ہے کہ نیگورنو۔کاراباخ کے تنازع میں آرمینیا سے حالیہ لڑائی میں اس کے لگ بھگ 2 ہزار 800 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے۔آذربائیجان کی طرف سے آرمینیا کی فورسز کے ساتھ حالیہ لڑائی میں ہونے والے فوجی نقصان کے حوالے سے پہلی بار تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ آذربائیجان کی وزارت دفاع سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘حب الوطنی کی جنگ میں آذربائیجان کی مسلح افواج کے 2 ہزار 783 اہلکار ہلاک ہوئے، جبکہ دیگر 100 فوجی لاپتہ ہیں ‘۔قبل ازیں آرمینیا نے اعلان کیا تھا کہ لڑائی میں اس کے 2 ہزار 317 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے، ساتھ ہی دعویٰ کیا تھا کہ آذربائیجان کے کم از کم 93 اور آرمینیا کے 50 شہری بھی ہلاک ہوئے۔نیگورنو-کاراباخ میں تازہ جھڑپیں 27 ستمبر کو شروع ہوئی تھیں اور فرانس، روس اور امریکا کی طرف سے سیز فائر کی کوششیں کی جارہی تھیں۔ا?رمینیا اور آذربائیجان نے بدترین لڑائی کے بعد 9 نومبر کو جنگ بندی معاہدے کا اعلان کیا تھا اور ا?ذربائیجان میں اس کو فتح کے طور پر منایا گیا تھا۔معاہدے کے تحت آرمینیا نے 7 اضلاع کا کنٹرول کھو دیا جو اس نے 1990 کی دہائی میں ہونے والی لڑائی میں قبضے میں لیے تھے۔آرمینیا کے وزیراعظم نے اس کو سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ شکست کے ا?ثار کو دیکھتے ہوئے اس کے سوا کوئی چارہ بھی نہیں تھا۔جنگ بندی معاہدے کے بعد آرمینیا میں وزیراعظم نیکول پاشینیان کے خلاف شدید احتجاج ہوا تھا اور مظاہرین ان کو غدار قرار دیتے ہوئے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے۔انہوں نے مظاہرین سے مسلح احتجاج سے گریز کرنے پر زور دیا اور توقع ظاہر کی کہ اپوزیشن بھی اس اقدام کی نفی کرے گی۔جنگ بندی معاہدے کے تحت نیگورنو-کاراباخ میں روس اور ترک افواج نگرانی کریں گی جبکہ آرمینیائی افراد متنازع خطہ چھوڑ دیں گے۔


