کلبھوشن کا معاملہ،فیئر ٹرائل کا موقع فراہم کرنا ہر ملزم کا حق ہے، ہائی کورٹ
اسلام آباد:عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے مطابق بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کو قونصلر رسائی دینے سے متعلق درخواست معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ فیئر ٹرائل کا موقع فراہم کرنا ہر ملزم کا حق ہے۔ جمعرات کو عبوری حکمنامہ چیف جسٹس اطہر من اللہ،جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے جاری کیا۔ ہائی کورٹ نے کہاکہ فیئر ٹرائل کا موقع فراہم کرنا ہر ملزم کا حق ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے تحت بھارتی کمانڈر کلبھوشن کو قونصلر رسائی دینے کی ہدایت کی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کلبھوشن جادیو کیس کے حوالے سے میٹنگ جاری ہے۔ عدالت عالیہ نے کہاکہ اٹارنی جنرل خالد جاوید نے کمانڈر کلبھوشن جادیو کو قونصلر مقرر کرنے کا ایک اور موقع فراہم کرنے کی استدعا کی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ اٹارنی جنرل نے حکومت پاکستان کی طرف سے تیسری مرتبہ کلبھوشن قونصلر رسائی کی استدعا کی۔ انہوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ بھارتی حکومت آئندہ سماعت پر کمانڈر کلبھوشن جادیو کیس کے حوالے سے مناسب فیصلہ کریگی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ آئندہ سماعت پر بھارتی ہائی کمیشن کے وکیل شاہ نواز نون بھارتی حکومت کے تحفظات سے آگاہ کرینگے۔ کیس کی مزید سماعت 14جنوری دوہزار اکیس تک ملتوی کر دی گئی۔


