حمزہ شہباز نے بیگم صفدر اعوان سے استعفی مانگ لیا ہے، فیاض الحسن چوہان

لاہور:صوبائی وزیر کالونیز اور جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے دعوی کیا ہے کہ حمزہ شہباز نے بیگم صفدر اعوان سے استعفی مانگ لیا ہے۔ مریم صفدر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ختم ہونے کا دعوی بلی کے خواب میں چھچھڑوں کے مترادف ہے، 14 دسمبر کو بیگم صفدر خواب سے حقیقت کی دنیا میں واپس آجائیں گی۔فیاض چوہان نے کہا کہ بیگم صفدر اعوان وزیراعظم سے استعفی مانگ رہی ہیں، حمزہ شہباز نے ان سے استعفی مانگ لیا ہے، بیگم صفدر اور حمزہ شہباز میں شدید منہ ماری ہوئی، حمزہ شہباز نے بیگم صفدر کو بیانیے سے ہٹنے کے لیے واسطے دیے۔انہوں نے کہا کہ شریف خاندان خود ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، یہ اپوزیشن اور ملک کو کیا متحد رکھیں گے، عوام لیگی ملک دشمن بیانیے، غیرمخلصانہ رویوں کو جان چکی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا نوجوان 2018 کے الیکشن میں ن لیگ کومسترد کرچکا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے نوجوان نسل کو سیاسی شعور دیا۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے نوجوانوں کو رکشے، ٹیکسیاں دیکران کے علم و ہنرکو ضائع کیا، ن لیگ نے ہمیشہ دکھاوے کے منصوبے بنا کرحقیقی ریفارمز کا گلا گھونٹا۔فیاض چوہان نے کہا لاہور جلسہ کے بعد پی ڈی ایم کا غیرفطری اتحاد اپنی موت آپ مرجائے گا، بیگم صفدراعوان شیخ چلی کی طرح بڑھکیں مارنا بند کریں، حکومت کہیں نہیں جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں