حکومت پی ڈی ایم سے این آر او مانگ رہی ہے،علی مددجتک
کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں اسکی ٹانگیں کانپ رہی ہیں حکومت پی ڈی ایم سے این آر او مانگ رہی ہے لیکن اب اسکا جانا طے ہوچکا ہے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان ہوا تو ہزاروں جیالے بلوچستان سے اسلام آباد جائیں گے، دھاندلی زدہ حکومت کے خلاف ہر حد تک جانے کو تیار ہیں، یہ بات انہوں نے منگل کو پارٹی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک کی کامیابی کے بعد حکومت کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں اور وہ این آر او مانگ رہی ہے لیکن اب حکومت کو این آر او نہیں ملے گا نہ ہی اسے مزید مہلت ملے گی انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی قیادت کے اعلان کے مطابق جب بھی مظاہروں اور شٹر ڈاؤن کی کال دی گئی پیپلز پارٹی اس میں دیگر جماعتوں کے ساتھ ملکر بھر پور حصہ لے گی،انہوں نے کہا کہ اسلام آبادکی طرف لانگ مارچ کا کہا گیا تو بلوچستان سے ہزاروں جیالے اسلام آباد کی جانب سفر کا آغاز کریں گے حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ 13دسمبر کو جلسہ اور پی ڈی ایم کے اعلانا ت حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہونگے دھاندلی زدہ حکومت نے ملک اور عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے عوام نے حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اسکے جانے کا وقت قریب ہے۔


