اپوزیشن کے جلسوں سے ایک دن پہلے خبر آ جاتی ہے دہشتگرد گھوم رہے ہیں‘نفیسہ شاہ
لاہور:پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے جلسوں سے ایک دن پہلے خبر آ جاتی ہے کہ دہشتگرد گھوم رہے ہیں،نیب کا اپوزیشن کے خلاف کال اپ نوٹس ہر وقت تیار رہتا ہے،عمران خان کو کورونا وائرس سے نہیں بلکہ پی ڈی ایم سے خوف ہے جو ان کے چہرے سے جھلک رہا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انوہں نے کہا کہ نیب کا رخ اپوزیشن کی جانب ہے لیکن حکومت میں بیٹھے کرپٹ عناصر اسے نظر نہیں آتے،ڈاکٹر فیصل سلطان جوعمران خان کے ذاتی ملازم ہیں ان پر کسی کی نظر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام تیرہ دسمبر کو باہر نکلیں اور اس نااہل حکومت کو گھر بھیجیں گے،لانگ مارچ بھی ہر صورت ہونا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہم آگے بڑھ کر استعفے دے رہے ہیں،قیادت نے ایم پی ایز کو واضح ہدایت دی ہے کہ مقررہ تاریخ تک استعفے جمع کروائیں،استعفے کب جمع کروانے ہیں اس کا فیصلہ سی ای سی اجلاس میں ہوگا،استعفوں کو جمع کروانے کا متفقہ فیصلہ پی ڈیم کی قیادت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے بڑے بڑے جلسے کئے ہیں، پی ڈی ایم جلسے سے ایک روز قبل اطلاعات دی جاتی ہیں کہ دہشتگرد گھوم رہے ہیں،نیب کے نوٹسز جاری کئے جارہے ہیں لیکن ان ہتھکنڈوں سے کچھ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کٹھ پتلیوں کو خیرباد کہنے کا وقت آگیا ہے، اپوزیشن اتحاد کی وجہ سے حکومت کے چہرے پر ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں۔جو کہتے ہیں جمہوریت ہو وہ ڈی جے بٹ سے خوفزدہ ہیں، حکومت جلسے کے انتظامات کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن میں مصروف ہے، نیب نے فوٹو اسٹیٹ مشین رکھی ہوئی ہے ہر اجلاس کے بعد اپوزیشن کو کال اپ نوٹس آ جاتا ہے۔


