تعلیم اولین ترجیح، تعیناتیاں حتمی مراحل میں ہیں، جام کمال
کوئٹہ 13دسمبر:۔وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کرکٹ لجنڈ وسیم اکرم کی جانب سے دورہ کوئٹہ کی پیش کش قبول کرنے پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلی نے حال ہی میں وسیم اکرم, انضمام الحق، شاہد آفریدی اور شعیب اختر کو اپنے ایک انٹرویو میں بلوچستان کا دورہ کرنے اور کرکٹ اکیڈمی بنانے کی پیشکش کی تھی۔وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کرکٹ لیجنڈز کو بلوچستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ان کا پرجوش خیر مقدم کرے گی۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کرکٹ کے مایہ ناز قومی کھلاڑیوں وسیم اکرم، شاہد آفریدی، انضمام الحق اور شعیب اختر کو کوئٹہ کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے اور کہا ہے کہ وہ حکومت بلوچستان کے مہمان بن کر دیکھیں کہ بلوچستان کے لوگ قومی ہیروز سے کتنی محبت کرتے ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ کرکٹ لجنڈز کے دورے سے شائقینِ کرکٹ خوش ہوں گے اور ہمیں اپنے ہیروز کی میزبانی کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہوگا۔ وزیراعلی نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا ہے کہ تعلیم کا شعبہ موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ 53 سے زائد گرلز پرائمری اسکولوں کی مڈل تک کی سطح پر اپ گریڈیشن اور 53 گرلز سکولوں کی مڈل سے ہائی کی سطح تک اپ گریڈیشن کے بعد حکومت 85 بوائز اسکولوں کو پرائمری سے مڈل اور 18 مڈل سے ہائی اسکولوں کو اپ گریڈ کر رہی ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت نے 1400 ٹیچنگ اور 780 نان ٹیچنگ سٹاف کی تعیناتیاں عمل میں لائی ہے۔جبکہ 1550 سے زائد ٹیچنگ اور 1800 سے زائد نان ٹیچنگ سٹاف کی ریکروٹمنٹ پائپ لائن میں ہے اسی طرح پبلک سروس کمیشن کے ذریعے 459 ایس ایس ٹیز کی ریکروٹمنٹ عمل میں لائی گئی ہے اور 700 ایس ایس ٹیز کی تقرریوں کا عمل بھی حتمی مراحل میں ہیں۔


