شو آف ہینڈ کا مطلب اوپن بیلٹ ہوگا، اعظم سواتی
لاہور:وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہاہے کہ سینیٹ انتخابات کے لیے حکومت آئینی ترمیم نہیں لائے گی اور موجودہ الیکشن ایکٹ کے تحت ہی کوئی قانون منظور کرائیں گے،سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ ہوتی ہے، یہ لوگ ووٹ خرید کر وہاں آکر اپنے کاروبار چلا رہے ہیں تو ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے گزشتہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے 3 اراکین صوبائی اسمبلی تھے اور انہیں سینیٹر کے لیے 17 ووٹ چاہیے تھے، انہیں یہ 17 ووٹ بھی ملے اور ان کے دوسرے امیدوار نے 15 ووٹ لیے، جب ان کے 3 ووٹ تھے تو یہ 32 ووٹ کہاں سے آگئے۔سینیٹ انتخابات میں شو آف ہینڈ سے متعلق اعظم سواتی نے کہا کہ اس سے مراد ہاتھ کھڑے کرنا نہیں ہے بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ اوپن بیلٹ ہوگا میں جس کو ووٹ دوں گا تو سب کو معلوم ہوگا کہ میں نے کس کو ووٹ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے لیے اب آئینی ترمیم نہیں لائیں گے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ سینیٹ میں ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے، جبکہ اپوزیشن بار بار یہ کہہ رہی ہے کہ حکومت کی کسی طریقے سے حمایت نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کوئی بھی طریقہ اختیار کرے تاکہ سینیٹ انتخابات میں اوپن ووٹنگ ہو، جب ایسا ہوگا تو ہم آئینی ترمیم کے راستے کے بجائے موجودہ الیکشن ایکٹ کے تحت ہی کوئی قانون منظور کرائیں گے، قانون میں ابھی بھی گنجائش موجود ہے لیکن ضرورت پڑی تو بھی آئین میں نہیں بلکہ قانون میں ترمیم کریں گے۔


