کورونا وائرس،پنجاب حکومت کا پروفیشنلز کو اسپیشل رسک الاؤنس دینے کا فیصلہ

لاہور, صوبائی وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کرنے والے پروفیشنلز کو اسپیشل رسک الاؤنس دیا جائے گا،مشکل کی اس گھڑی میں ہمیں مثبت رویے اور عمل کی ضرورت ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے حوالے سے کیے گئے انتظامات پر صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحس چوہان نے کہا کہ بزدارحکومت کورونا سے نمٹنے کے لیے بھرپورعملی اقدامات کر رہی ہے،یو ای ٹی کالا شاہ کاکو کیمپس میں بارہ سو بستروں پر مشتمل قرنطینہ بنایا گیا ہے جبکہ کیمپ جیل میں سو بستروں کا اسپتال بنایا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ ڈی جی خان سے چھ سو سے زائد زائرین جلد قرنطینہ سے اپنے گھروں کو منتقل ہو رہے ہیں جبکہ اب تک پاکستان میں کورونا کے اکیس مریض مکمل صحتیاب ہو چکے ہیں۔اپنے بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کرنے والے پروفیشنلز کو اسپیشل رسک الاؤنس دیا جائے گا۔فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ بزدار حکومت کھانے پینے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی ترسیل میں کوئی کمی نہیں آنے دے رہی مگر کچھ عناصر کورونا کی وبا سے منافع خور اور ذخیرہ اندوز فائدہ اٹھا رہے ہیں،عوام کی مشکلات سے فائدہ اٹھانے والے دنیا و آخرت میں شرمندگی اٹھائیں گے،اسلام ایسے موقعوں پر ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں