کیمیکل گودام کی دیوار گرنے سے 3افراد جاں بحق،ایک زخمی
کراچی:شیرشاہ میں کیمیکل گودام کی دیوار گرنے سے 3افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، سائٹ تھانہ کی حدود میں پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔کراچی کے علاقے شیر شاہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں تین مزدور جان کی بازی ہار گئے، کیمیکل گودام کی دیوار گرنے سے تینوں مزدور کچل کر جاں بحق ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، اس حوالے سے ریسکیو ذرائع کا تصدیق کرتے ہوئے کہنا ہے کہ دیوار گرنے کے واقعے میں 3افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کی فراہمی کیلئے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ کیمیکل گودام کی دیوار گرنے کے واقعے میں جاں بحق افراد میں 34سالہ خالد محمود، 20سالہ زبیراور 25سالہ عامر عاشق شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والے شخص کا نام فضل بتایا جارہا ہے۔کراچی کے علاقے شیر شاہ میں دیوار کے ملبے تلے دب کر 3 مزدور جاں بحق ہوگئے ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق شیر شاہ میں واقع گودام کی دیوار اچانک گر گئی۔گودام کی دیوار نیچے موجود مزدوروں پر جا گری، جو ملبے تلے دب کر جان کی بازی ہار گئے۔علاوہ ازیں کراچی کے تھانہ سائٹ اے کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کی اطلاع ملی ہے اس حوالے سے پولیس حکام نے میڈیا کو بتایا کہ اہلکار معمول کی گشت پر تھے جنہیں دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ کردی۔ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ کے بعد ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے،زخمی پولیس اہلکار کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کیلئے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔