پی ڈی ایم بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات کے خلاف پہیہ جام اور شٹرڈاؤن کا اعلان کریں،ناصر علی ہزارہ

کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق رکن قومی اسمبلی سید ناصر علی ہزارہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتیں،ٹرانسپورٹرز اور تاجر برادری آگے بڑھ کر بلوچستان کے عوام کو دہشت گردی کے واقعات سے نجات دلانے کیلئے اپنا عملی کردار ادا کرتے ہوئے بلوچستان میں ایک روزہ پہیہ جام اور شٹرڈاون ہڑتال کا اعلان اور آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کریں جس کی میزبانی کرنے کو ہم تیار ہیں جب تک ہم یکجا ہوکر مشترکہ جدوجہد کو اولیت نہیں دیں گے تب تک ہمارے مسائل حل نہیں ہوں گے۔یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن غلام نبی مری و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے گزشتہ روز مچ میں دس بے گناہ کان کنوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ قوم گزشتہ بیس سال سے بدترین دہشت گردی کا نشانہ رہی ہے اور یہ سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ان بیس سالوں میں ہزارہ قوم پر ہونیوالے حملوں میں ڈھائی ہزار سے زائد لوگ شہید ہوئے جن میں خواتین اور شیر خوار بچے بھی شامل ہیں واقعے میں شہید ہونیوالے ایک خاندان کے پانچ افراد شامل ہیں جن کی بہن معصومہ یعقوب نے گزشتہ روز نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے خاندان میں اب جنازے اٹھانے والا کوئی مرد باقی نہیں رہا جس کے بعد ہم چھ بہنوں نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنے بھائی اور رشتہ داروں کے جنازے خود اٹھائیں گیاور یہ صرف معصومہ یعقوب نہیں بلکہ ہر ہزارہ خاندان کی کہانی ایسی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھ پر بھی دہشت گرد حملہ ہوا جس میں میرا بیٹا متاثر اور میں معجزانہ طور پر محفوظ رہا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آباد تمام اقوام کا مشترکہ گھر ہے اور دہشت گردی ہم سب کا بڑا مسئلہ ہے صوبے میں کوئی قوم اس سے محفوظ نہیں ہم گزشتہ بیس سال سے چیخ رہے ہیں احتجاج اور دھرنے دے رہے ہیں کہ ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے لیکن حیرت ہے کہ اس عرصے کے دوران حکومت اور متعلقہ ادارے ہمیں تحفظ دینے میں ناکام رہے ہیں اور آج تک کوئی قاتل پکڑا نہیں جاسکا ہے۔انہوں نے پی ڈی ایم اور جمعیت کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل، پشتونخوامیپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی، نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفنند یار ولی سمیت پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کے اکابرین ٹرانسپورٹرز اور تاجر برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ آگے بڑھ کر بلوچستان کے عوام کو دہشت گردی کے واقعات سے نجات دلانے کیلئے اپنا عملی کردار ادا کرتے ہوئے بلوچستان میں ایک روزہ پہیہ جام اور شٹرڈاون ہڑتال کا اعلان اور آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کریں جس کی میزبانی کرنے کو ہم تیار ہیں جب تک ہم یکجا ہوکر مشترکہ جدوجہد کو اولیت نہیں دیں گے تب تک ہمارے مسائل حل نہیں ہوں گے انہوں نے سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی میں ہزارہ برادری کے قتل پر آواز اٹھانے پر تمام سینیٹروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں