انڈونيشيا ميں مسافر طيارہ سمندر ميں گر کر تباہ ہوا: ملبہ اور فلائٹ ريکارڈر مل گئے

گزشتہ روز بحيرہ جاوا ميں کريش ہونے والے انڈونيشی ہوائی جہاز کے بليک باکس ڈھونڈ ليے گئے ہيں جبکہ ريسکيو ٹيم نے ملبے کے کئی ٹکڑے اور ہلاک ہونے والے چند مسافروں کے جسمانی اعضاء بھی جمع کر ليے ہيں۔
انڈونيشيا ميں گزشتہ روز سمندر ميں گر کر تباہ ہو جانے والے سری ویجایا ایئر کے مسافر ہوائی جہاز کی تلاش کے عمل ميں تيزی سے پيش رفت جاری ہے۔ اتوار کی صبح دو مقامات سے ايسے سگنل موصول ہوئے، جن کے بارے ميں ريسکيو حکام کا خيال تھا کہ وہ اس طیارے کے بليک باکس کی نشاندہی کرتے ہیں۔ بعد ازاں شام تک يہ تصديق بھی کر دی گئی کہ سمندر ميں طيارے کے بليک باکس يا فلائٹ ريکارڈر کی شناخت کر لی گئی ہے اور اسے نکالنے کا کام جاری ہے۔
حکام نے اس امر کی بھی تصديق کر دی کہ اس مسافر ہوائی جہاز کے ملبے کا ايک بڑا حصہ سمندر میں پچھہتر فٹ کی گہرائی ميں ملا ہے۔ غوطہ خوروں کو بحیرہ جاوا ميں اس ملبے کے کئی ٹکڑے اور متعدد انسانی اعضاء بھی ملے ہيں۔ اب تک ايسی باقيات سے تين بڑے بيگ بھر چکے ہيں اور مزيد تلاش جاری ہے۔
بوئنگ 737 طرز کا يہ طيارہ انڈونيشی جزیرے بورنیو کی طرف جانے کے ليے جکارتہ سے گزشتہ روز فضا میں بلند ہوا تھا اور پرواز کے کچھ ہی دير بعد اس کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گيا تھا۔ اس طيارے میں مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت کُل باسٹھ افراد سوار تھے۔


انڈونيشی نيشنل سرچ اينڈ ريسکيو ايجنسی نے بتايا کہ اس کے امدادی کارکنوں نے اتوار کی سہ پہر تک انسانی اعضاء اور جہاز کے ملبے کے ٹکڑوں کے تين بڑے بيگ جمع کر ليے تھے۔ ايجنسی کے بيان ميں اس کی بھی تصديق کی گئی کہ انسانی اعضاء کی شناخت کے ليے انہيں ڈی اين اے ٹيسٹ کے ليے بھيجا جائےگا۔ جکارتہ پوليس کے ترجمان نے بھی تصدیق کی کہ ڈے اين اے ٹيسٹ کے ليے نمونے لينے کا عمل شروع کر ديا گيا ہے جب کہ ہلاک شدگان کے رشتہ داروں سے معلومات بھی جمع کی جا رہی ہيں۔
اس طيارے کے کريش ہونے کی وجہ فی الحال معلوم نہيں مگر سويڈش انٹرنيٹ سروس فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق ٹيک آف کے چار منٹ بعد طيارے کی رفتار اچانک کم ہوئی اور ساتھ ہی يہ تيزی سے نيچے کی طرف آيا۔ قبل ازيں خراب موسم کی وجہ سے اس پرواز نے تيس منٹ کی تاخير سے ٹیک آف کیا تھا۔
يہ انڈونيشيا ميں گزشتہ دو سال کے دوران کسی مسافر پرواز کو پیش آنے والا دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ اس سے قبل اکتوبر سن 2018 ميں لائن ايئر کا بوئنگ ميکس 737 طرز کا طيارہ بھی بحيرہ جاوا ميں گر کر تباہ ہو گيا تھا۔ انڈونيشيا کی تاريخ کے اس بہت ہلاکت خیز حادثے ميں 189 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
سن 2017 ميں انٹرنيشنل سول ايوی ايشن آرگنائزيشن نے انڈونيشيا کے سيفٹی معيارات کو اوسط سے بلند قرار ديا تھا۔ انڈونيشی ايئر لائنز 81.15 فيصد تک سيفٹی سے متعلق قواعد و ضوابط پورا کرنے ميں کامياب رہی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں