رجنی کانت کے یوٹرن کیخلاف سیکڑوں مداح ان کےگھر کے باہر جمع ہوگئے
معروف بھارتی اداکار رجنی کانت کے گھر کے باہر ان کے سیکڑوں مداحوں نے مظاہرہ کیا تاکہ اداکار سیاست میں حصہ نہ لینے کا اپنا فیصلہ واپس لے لیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق چنائے میں واقعے رجنی کانت کے گھر کے بعد سیکڑوں مداحوں جمع ہوگئے اور مطالبہ کیا کہ وہ سیاست میں نہ آنے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔رپورٹ کے مطابق یہ مظاہرہ رجنی کانت فین کلب کی جانب سے کیا گیا تھا جس کی اجازت بھارتی پولیس کی جانب سے دی گئی تھی۔خیال رہے کہ رجنی کانت یوں تو پورے بھارت میں مقبول ہیں تاہم جنوبی بھارت میں انہیں ایک دیوتا کی حیثیت حاصل ہے۔انہوں نے 2018 میں اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی سیاسی جماعت قائم کریں گے اور انتخابات میں بھی حصہ لیں گے لیکن اس اعلان کے بعد رجنی کانت کی جانب سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی تاہم گذشتہ ماہ کے آغاز میں انہوں نے اعلان کیا کہ وہ جنوری 2021 میں اپنی سیاسی جماعت کی بنیاد رکھیں گے جو آئندہ انتخابات میں حصہ لے گی۔ رجنی کانت کا کہنا تھا کہ وہ ریاست تامل ناڈو میں کرپشن سے پاک حکومت لانا چاہتے ہیں اور ان کی پارٹی ضرور الیکشن جیتے گی۔تاہم حیدرآباد میں فلم ‘اناتھی’ کی شوٹنگ کے دوران ان کی طبیعت خراب ہوگئی تھی جس کے باعث انہیں اسپتال منتقل کرنا پڑا تھا، بعد ازاں اسپتال سے فارغ ہونے کے بعد انہیں ڈاکٹروں نے آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا۔اسپتال سے گھر آنےکے تیسرے روز انہوں نے یوٹرن لیتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ سیاست میں حصہ نہیں لیں گے اور سیاست میں آئے بغیر اپنے ملک اور لوگوں کی خدمت کریں گے۔
اداکار رجنی کانت نے اپنے اس فیصلے پر اپنے چاہنے والوں سے معذرت بھی کی تھی۔


