کورونا ، مزید 3 افراد جاں بحق، ملک میں اموات 15 ہو گئیں

سندھ، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، گلگلت بلتستان اور آزاد کشمیر میں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1542 ہو گئی۔سندھ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کورونا میں کورونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد پاکستان میں وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1542 تک پہنچ گئی ہے جب کہ مزید تین افراد کی ہلاکت کے بعد ملک میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔گزشتہ روز رات 12 بجے تک ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1496 تھی لیکن ملک کے مختلف حصوں میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد یہ تعداد 1542 تک پہنچ گئی ہے۔ہفتے کے روز پاکستان میں کورونا وائرس کے 123 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے سندھ میں 29، اسلام آباد میں 12، گلگت میں 8، پنجاب میں 67 اور بلوچستان میں 7 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی۔آج بروز اتوار اب تک ملک میں مجموعی 3 اموات اور 46 نئے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، نئے کیسز میں 12 سندھ سے، 8 خیبر پختونخوا سے، 4 آزاد کشمیر سے، 5 گلگت بلتستان سے اور 4 اسلام آباد سے رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ پنجاب سے بھی 13 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔وزارت صحت سندھ کی ترجمان نے صوبے میں کورونا سے متاثرہ دو مزید افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جس کے بعد صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 3 ہو گئی ہے۔کمشنر ہزارہ سید ظہیرالاسلام نے بھی ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دو روز قبل ایبٹ آباد کے مقامی اسپتال میں داخل ہونے والے سردار الیاس خان انتقال کر گئے ہیں۔سید ظہر الاسلام نے بتایا کہ سردار الیاس خان ایک ہفتہ قبل تبلیغی جماعت کےساتھ تھے، تبلیغی جماعت کے باقی 10 افراد کو مقامی ہوٹل میں قائم قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا تھا۔دوسری جانب کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والے سردار الیاس خان کے بھتیجے خالد سلیم کا کہنا ہے کہ دو دن سے گھروں میں ہیں لیکن انتظامیہ نےکورونا ٹیسٹ نہیں کرایا۔کے پی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے بھی صوبے میں 8 نئے کیسز کی تصدیق کر دی ہے جس کے بعد صوبے میں مصدقہ کیسز کی تعداد 188 تک پہنچ گئی ہے۔چند روز قبل لوئر دیر کے علاقے مدینہ آباد زیارت تالاش گاؤں کی خاتون کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہو گئی تھی جس کی تصدیق گزشتہ روز کی گئی تھی۔اسسٹنٹ کمشنر تیمر گرہ کے مطابق کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد پورے زیارت تالاش گاؤں کو قرنطینہ قرار دے دیا گیا ہے۔ایبٹ آباد میں ہونے والی ہلاکت کے بعد کے پی میں اب تک کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہو گئی ہے جب کہ پنجاب میں بھی 5 افراد وبا کے باعث جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں، بلوچستان، سندھ اور گلگت میں بھی ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہو چکی ہے۔پاکستان میں مہلک وائرس سے متاثرہ 31 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان، 5 کا پنجاب سے ہے جب کہ اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے بھی 2، 2 افراد صحت مند ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں