کے ہسپتالوں سے متعلق آرڈیننس عدالتی فیصلے کے منافی ہے، بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نالائق اور نااہل حکومت کو عام شہری کے مسائل کا علم نہیں ہے جس کے باعث اسٹیل ملز کے 10 ہزار ملازمین کو بے روزگار کردیا ہے جبکہ حکومت کی ساری پالیسی بھی ناکامی سے دوچار ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام تاریخی مہنگائی کا سامنا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے ہسپتالوں کو اپنے قبضے میں کرنے کے لیے ایک آرڈیننس جاری کیا جو عدالتی فیصلے کے بھی منافی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہسپتالوں کا انتظام سنبھالنے سے قبل انہیں واجبات کا معاملہ حل کرنا تھا لیکن اب تک نہیں ہوسکا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ‘اس کے باوجود حکومت نے ناکام بورڈ آف گورننس کا آرڈیننس جاری کیے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘مذکورہ آرڈیننس کی وجہ سے خیبرپختونخوا اور پنجاب کا صحت کا نظام غیر فعال ہوچکا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے سرکاری ہسپتالوں میں شہریوں کو مفت علاج فراہم کیا جارہا تھا لیکن اب اس کی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔


