چین 31 جنوری تک ویکسین کی 5 لاکھ خوراک فراہم کرے گا، شاہ محمود قریشی
اسلام آباد :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین نے وعدہ کیا ہے کہ 5 لاکھ ویکسین ڈوزز 31 جنوری تک پاکستان کو تحفتاً مہیا کر دی جائیں گی،مستقبل قریب میں ہماری ضرورت 1.1 ملین ڈوزز کی ہے، چین یقین دلایاہے مطلوبہ مقدار میں ویکسین فروری کے آخر تک مہیا کر دی جائیں گی،پاکستان میں سائنوفام ویکسن کی آزمائش جاری ہے اور اس کے بڑے اچھے نتائج نکلے ہیں۔ جمعرات کو اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے ٹیلی فونک رابطے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرونا عالمی وبائی چیلنج کا مقابلہ پوری قوم نے مل کر کیا،وزیر اعظم عمران خان، خود کرونا وبا سے متعلقہ تمام اہم اجلاسوں کی سربراہی کرتے رہے ہیں،این سی او سی نے عمدہ کوآرڈینیشن کا مظاہرہ کیا،پاکستان نے عوام الناس کی جانوں کو وائرس سے بچانے اور ساتھ ہی ساتھ معیشت کو بچانے کے لیے جو کردار ادا کیا اسے عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے،ہمارا اگلا چیلنج اس وبا سے نبرد آزما ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور عمررسیدہ شہریوں کو وبا سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے ویکسین کی دستیابی تھا۔ انہوں نے کہا کہ میری دسمبر میں چینی وزیر خارجہ سے اس حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی،وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر میری چینی وزیر خارجہ سے ابھی دوبارہ گفتگو ہوئی ہے،میں قوم کو خوش خبری سنانا چاہتا ہوں کہ چین نے وعدہ کیا ہے کہ 5 لاکھ ویکسین ڈوزز 31 جنوری تک پاکستان کو تحفتاً مہیا کر دی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ میں نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، ان سے گزارش کی کہ مستقبل قریب میں ہماری ضرورت 1.1 ملین ڈوزز کی ہے جس پر انہوں نے یقین دلایا کہ مطلوبہ مقدار میں ویکسین فروری کے آخر تک مہیا کر دی جائیں گی۔انہوں نے واضح کیا کہ جب چین نے کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے، گلوبل پبلک گڈ کے تحت دیگر ممالک کے ساتھ تعاون کا فیصلہ کیا تو ہم نے آل ویدر اسٹریٹیجک شراکت داری کو مدنظر رکھتے ہوئے سب سے پہلے پاکستان کا انتخاب کیا،میں نے انہیں آگاہ کیا کہ ہمارے ہاں کین سائینو ویکسین کے ٹرائلز کامیابی سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں نے انہیں کہا کہ پاکستان 220 ملین آبادی کا ملک ہے ہم اس وسیع آبادی کے پیش نظر ٹرائل کی تکمیل کے بعد چین کے تعاون سے پاکستان میں اس ویکسین کی تیاری کا ارادہ رکھتے ہیں جس پر انہوں نے آمادگی کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ ویکسین کی پہلی کھیپ چین جذبہ خیر سگالی کے تحت، تحفتاً بھجوا رہا ہے،ہم اس جذبہ خیر سگالی پر چین کے شکرگزار ہیں،میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ سب گھرانوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھے۔


