سعودی عرب کا چند روزمیں قطر میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا اعلان

ریاض:سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اعلان کیا ہے کہ قطری دارالحکومت دوحہ میں آیندہ چند روز میں مملکت کا سفارت خانہ دوبارہ کھول دیا جائے گا۔انھوں نے جمعرات کوعرب ٹی وی سے انٹرویو میں دوحہ میں سعودی سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کیا۔انھوں نے کہا کہ چاروں ممالک کا قطر کے ساتھ مصالحت کے لیے سمجھوتا طے پاچکا ہے۔وہ قطر کا بائیکاٹ ختم کرنے والے چاروں ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کا حوالہ دے رہے تھے۔واضح رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات،بحرین اور مصر نے جون 2017 میں قطر کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے۔ انھوں نے اس پرالاخوان المسلمون کی پشتیبانی اور دوسرے انتہا پسند گروپوں کے علاوہ ایران سے تعلقات استوارکرنے اور ان چاروں ملکوں کے داخلی امور میں مداخلت کا الزام عاید کیا تھا لیکن قطر نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں