بلوچوں کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، پرنس محی الدین بلوچ

سابق وفاقی وزیر اور بلوچ رابطہ اتحاد تحریک کے سربراہ پرنس محی الدین بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچوں کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، اگر بلوچ قیادت اور سیاسی جماعتوں نے وقت کے تقاضوں کا ادراک نہ کیا تو معاملات ان کے ہاتھ سے نکل جائیں گے، وہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے نمائندہ وفد سے بات چیت کر رہے تھے، وفد کے ارکان میں نائب صدر پرنس موسی جان، سابق ایم این اے روف مینگل اور سینٹرل کمیٹی کے ممبر واجہ جہانزیب شامل تھے۔ بی این پی کے رہنماوں نے ملاقات میں کہا کہ بلوچستان سمیت ملکی خطہ میں بدلتی سیاسی صورتحال کے تناظر میں در پیش چیلنجز پر غور و خوض کے بعد اس بات پر اصولی اتفاق کیا گیا کہ اس جدید سائنسی دور اور عالمی معاشی صدی میں بلوچ قوم کو سخت مشکلات در پیش ہیں اور قومی تشخص کو چاروں اطراف سے شدید خطرات لاحق ہیں جس کے لیے بلوچ قوم کے اتحاد اور یکجہتی کو یقینی بنا کر مسائل اور حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے وسیع تر قومی مفاد میں مستقبل کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، وفد کے اغراض و مقاصد سننے کے بعد قائد برات پرنس محیالدین بلوچ نے کہا کہ بی این پی نے بلوچ قوم کے مسئلہ کو ہمیشہ اسمبلی کے اندر اور باہر اجاگر کیا ہے اور حال ہی میں سیکڑوں نوجوانوں کی رہائی میں جو کردار ادا کیا ہے وہ قابل تحسین ہے اور اس کا کریڈیٹ اختر جان مینگل کی قیادت اور پارٹی کارکنوں کو جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ جہاں تک برات کے آئندہ لائحہ عمل کا تعلق ہے وہ میں اپنی جماعت کے عہدیداروں اور کارکنوں سے مشاورت کر کے بی این پی کے ساتھ آئندہ ملاقات میں آگاہ کروں گا-

اپنا تبصرہ بھیجیں