اپوزیشن کے استعفے آدھے گھنٹے میں منظورکرلینگے، مبین خلجی، پہلے آپ فارن فنڈنگ کا جواب دیں، اخترحسین لانگ

کوئٹہ:بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے مبین خلجی اور اپوزیشن اراکین میں نوک جھونک بھی ہوئی مبین خلجی نے کہا کہ اپوزیشن استعفیٰ دے آدھے گھنٹے میں منظور کرلیں گے جس پر اختر حسین لانگو نے کہا کہ آپ فارن فنڈنگ کیس کا جواب دیں۔ اجلاس میں ملک نصیر شاہوانی، نصراللہ زیرئے، اختر حسین لانگو نے کوئٹہ میں پانی کی قلت کی جانب ایوان کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ شہر میں نصب کئے گئے ٹیوب ویل فعال نہیں کئے جارہے ڈھائی سال قبل اس معاملے کو اسمبلی میں اٹھایا گیا تھا جس پر ہمیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ٹیوب ویل جلد فعال کردیئے جائیں گے مگر اب تک یہ غیر فعال ہیں۔صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے کہا کہ یہ مسئلہ آج کا نہیں ہے یہ مسئلہ ہمیں سابق حکومت سے ورثے میں ملا ہے یہ ٹیوب ویل ریگو لر نہیں کمیونٹی ٹیوب ویلز ہیں جس کی مد میں پی ایچ ای کیسکو کے سات ارب روپے کی مقروض ہے انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی مذکورہ ٹیوب ویلز کے لئے فنڈ ز مختص کریں واسا انہیں اپنے زیرا نتظام لے کر فعال کردے گا۔بعدازاں سپیکر نے اس معاملے کو کمیٹی کے سپرد کرنے کی رولنگ دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں