گوادر کرکٹ گراؤنڈ کے چرچے بلوچستان کے لیے اعزاز کی بات ہے، بشریٰ رند

کوئٹہ:صوبائی سیکرٹری برائے اطلاعات محترمہ بشریٰ رند نے کہا ہے کہ گوادر میں نو تعمیر کرکٹ گراؤنڈ عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے جوکہ موجودہ حکومت کی انتھک محنت اور کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔دنیا بھر میں اس خوبصورت گراؤنڈ کے چرچے بلو چستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے صوبے میں سیاحت کے فروغ اور سیاحوں کی سہولت  کے لئے ایک جامع ماسٹر پلان تیار کیا ہے جبکہ ساحلی پٹی کی بہتری اور سیاحوں کے قیام کے لئے 150 ملین روپے مختص کیے ہیں۔ ”بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں سرمایہ کاری اور سیاحت کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کی ساحلی پٹی کی ترقی اور بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اس سلسلے میں ساحلی علاقوں کے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کرنے اور وہاں پر سیاحتی رہائش گاہیں قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ایک ہزار ملین روپے کی لاگت سے 7 سیاحتی ریسارٹ قائم کیے جائیں گے۔ جبکہ ایک ہزار ملین روپے کی لاگت سے کوسٹل ہائی وے پر 10 مقامات پر جدید ترین سہولیات والے ریسٹ ایریاز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ساحلی علاقوں گڈانی۔جیوانی،پسنی،اروماڑہ اور گوادر میں پیج پارکس بنانے کا بھی منصوبہ بنایا ہے، جبکہ اس مقصد کے لئے رواں سال 250 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ رواں مالی سال کے دوران ساحلی سیاحتی مقامات پر ریسٹ ہاوسز، ریستوراں، موٹلز، بین الاقوامی فاسٹ فوڈ چینز، واش رومز اور ہنگامی رسپانس مراکز کے قیام کے لئے 150 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان سیاحتی مقامات پر ریسٹورنٹ کو بنیادی انفراسٹرکچرسپورٹ سسٹم اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے ایک جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سیاحت کو فروغ اور ترقی دیکر باقاعدہ صنعت بنانے اور مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔جس کے اثرات آہستہ آہستہ سامنے آنا شروع ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں