پی ڈی ایم کا جلسہ، بلاول حیدر آباد پہنچ گئے، مولانا راستے میں

حیدر آباد :اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آج سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے جا رہی ہے۔

پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کے سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری حیدر آباد پہنچ گئے ہیں جبکہ سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمٰن حیدرآباد کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری حیدر آباد میں جام خان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔

جام خان کی رہائش گاہ پر چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی، جس کے دوران آج کے جلسے اور مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

جلسے میں شرکت کے لیے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی سربراہی میں قافلہ سجاول سے حیدر آباد روانہ ہوا ہے۔جلسے سے مولانا فضل الرحمٰن اور بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر قائدین بھی خطاب کریں گے۔

پی ڈی ایم کے جلسے کا پنڈال حیدرآباد میں سج گیا ہے، جلسہ گاہ میں کارکنوں کی آمد جاری ہے۔ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا جارہا ہے، جلسہ گاہ میں جگہ جگہ پارٹی پرچم لہرا رہے ہیں جبکہ قائدین کی تصاویر اور بینرز آویزاں کیئے گئے ہیں۔

حیدرآباد شہر میں پی ڈی ایم کے جلسے کے سلسلے میں مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ قائم ہیں، شاہراہوں اور عمارتوں کو پارٹی پرچموں اور قائدین کی تصاویر سے سجا دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں