ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 40 کروڑ ڈالرز قرض کی منظوری دیدی

اسلام آباد (آئی این پی) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 40 کروڑ ڈالرز قرض کی منظوری دے دی جبکہ چین اور سعودیہ سے 9 ارب ڈالر کا قرضہ رول اوور ہونے کا امکان ہے ۔ اے ڈی بی حکام نے بتایا ہے کہ رقم سندھ میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کی امداد کےلئے خرچ کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ ایمرجنسی ہاسنگ پروجیکٹ منصوبے کے لیے رقم کا استعمال ہوگا، منصوبے سےسیلاب متاثرین کے گھروں کو دوبارہ تعمیر کرنے میں مدد ملے گی۔حکام کے مطابق ڈھائی لاکھ سیلاب متاثرین کو گھروں کی تعمیر کے لیے کیش امداد فراہم کی جائے گی۔یاد رہے کہ 5 جون کو ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی ) نے پاکستان کے لیے 25 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی تھی۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 25 کروڑ ڈالر کی رقم حکومت کوانفراسٹرکچر میں پائیدار سرمایہ کاری میں مدد کے لیے فراہم کی جائے گی، فنڈز سے حکومت کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی خدمات میں مدد ملے گی۔ دریں اثناءذرائع وزارت اقتصادی امور کے مطابق چین اور سعودی عرب کی جانب سے رواں مالی سال 2024-25 میں پاکستان کو 9 ارب ڈالر کا قرضہ رول اوور کیے جانے کا امکان ہے ساتھ ہی پاکستان دیامر بھاشا ڈیم کے لیے بھی فنڈنگ کا خواہاں ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کو تیل اور اشیا ءکے لیے اسلامی ترقیاتی بینک سے 500 ملین ڈالر کی فسیلٹی متوقع ہے تاہم سعودی عرب کی جانب سے تیل کے قرضے کی ایک اور سہولت میں توسیع کا امکان نہیں ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کو اس سال 20.8 ارب ڈالر سے زائد کی کل ادائیگیوں کا سامنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں