8 فروری کے الیکشن کی طرح کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھی کلین سوئپ کریں گے، پی ٹی آئی بلوچستان
کوئٹہ (پ ر) بلدیاتی الیکشن کے لئے نظریاتی و مخلص کارکنان کو ٹکٹس دیئے ہیں، 8 فروری 2024ءکے جنرل الیکشن کی طرح بلدیاتی الیکشن میں کلین سوئپ کرینگے، بلدیاتی الیکشن میں ہم نے ووٹ کاسٹ کرنے کیساتھ ساتھ اپنے ووٹ کی حفاظت بھی کرنی ہے، عوام نے تحریک انصاف کے امیدواروں کو ووٹ دیکر عمران خان کی رہائی میں کردار ادا کرنا ہے۔ یہ بات پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر داﺅد شاہ کاکڑ نے پارلیمانی بورڈ کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف ڈسٹرکٹ کوئٹہ کے بلدیاتی الیکشن کے امیدواروں میں ٹکٹس کی تقسیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ہر ظلم کا بدلہ ووٹ سے لیا جاتا ہے، عوام نے ووٹ کے طاقت سے آمریت، ظلم و زیادتی کا بدلہ لیا ہے جسکی زندہ مثال 8 فروری 2024 کا جنرل الیکشن تھا جس میں عوام کا سونامی سب کچھ بہا کر لے گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ کے عوام نے 28 دسمبر 2025 کو پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو نہ صرف ووٹ دینا ہے بلکہ ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد اپنے ووٹ کی حفاظت کرکے دھاندلی بھی روکنی ہے۔


