خضدار کے ضمنی انتخاب کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ حکمت عملی جھالاوان میں امن لاسکتی ہے، اسرار اللہ زہری
خضدار (ویب ڈیسک) میر اسرار اللہ زہری سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) اور سابق سینیٹر و وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 256 خضدار میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں اگر جھالاوان میں وجود رکھنے والی تمام سیاسی جماعتیں باہمی مشاورت کے ذریعے کسی مشترکہ فیصلے پر متفق ہو جاتی ہیں تو بی این پی (عوامی) اس متفقہ رائے کا خیر مقدم کرے گی۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھالاوان اور خضدار کے عوام خصوصاً نوجوان طبقے کے مفاد میں سیاسی ہم آہنگی ناگزیر ہے کیونکہ متفقہ فیصلہ ہی دیرپا امن و امان اور سیاسی استحکام کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھالاوان کی سیاسی جماعتوں کے داخلی فیصلے ان کا جمہوری حق ہیں تاہم اجتماعی مفاد کے پیش نظر مشترکہ حکمت عملی خطے میں سیاسی توازن اور امن کے قیام میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ باہمی احترام مشاورت اور اتفاقِ رائے ہی وہ راستہ ہے جس سے جھالاوان اور خضدار میں مثبت سیاسی ماحول کو فروغ دیا جا سکتا ہے


