ایران کی مجلس خبرگان رہبری نے نئے رہبر اعلیٰ کا انتخاب کرلیا، خامنہ ای کے ہر جانشین کو نشانہ بنائیں گے، اسرائیل کی دھمکی

تہران، تل ابیب (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران میں رہبر اعلیٰ کا انتخاب کرنے والے ادارے مجلس خبرگان رہبری کے رکن احمد عالم الہدیٰ کا کہنا ہے کہ ملک کے نئے رہبر اعلیٰ کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔ نیم سرکاری خبررساں ایجنسی مہر کے مطابق، عالم الہدیٰ کا کہنا اب سب کچھ مجلس خبرگان رہبری کے سیکرٹریٹ کے سربراہ حسینی بوشہری پر ہے، جو فی الحال اس فیصلے کا عوامی طور پر اعلان کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ آیت اللہ علی خامنہ ای کے ہر جانشین کو نشانہ بنانا جاری رکھیں گے۔ سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر اسرائیلی فوج کے فارسی زبان کے اکاﺅنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کئی دہائیوں میں پہلی مرتبہ قم شہر میں ایران کی مجلس خبرگان رہبری کا اجلاس ہونے جا رہا ہے۔ ’ہم آپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ ریاست اسرائیل نہ صرف ہر جانشین بلکہ ہر اس شخص کا پیچھا کرتا رہے گا جو جانشین مقرر کرنا چاہتا ہے۔‘ ’ہم ان تمام لوگوں کو خبردار کرتے ہیں جو جانشین کے انتخاب کے اجلاس میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں کہ ہم آپ کو بھی نشانہ بنانے سے نہیں ہچکچائیں گے۔ یہ ایک انتباہ ہے!‘

اپنا تبصرہ بھیجیں